
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان نے اعلان کیا ہے کہ اس کے مجاہدین نے جنوبی لبنان کے قصبے بیت لیف میں اسرائیلی فوجیوں اور ان کے جنگی سازوسامان کے اجتماع کو نشانہ بنایا اور اسے تباہ کر دیا۔
حزب اللہ نے مزید بتایا کہ اس نے خودکش ڈرون کے ذریعے لیمان فوجی اڈے میں موجود اسرائیلی فوجیوں کے اجتماع پر حملہ کیا۔
مزاحمتی تنظیم نے ایک الگ بیان میں شومیرا فوجی اڈے پر بھی ڈرون حملے کی تصدیق کی ہے۔
حزب اللہ کے مطابق جنوبی لبنان کے قصبے الغندوریہ کے مشرق میں واقع اسرائیلی فوجی اجتماع کو بھی راکٹ حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
اسی دوران صہیونی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی کہ شمالی فلسطین کے علاقے عرب العرامشہ میں لبنان سے ڈرون داخل ہونے کے خدشے کے باعث خطرے کے سائرن بجائے گئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس نے لبنان سے المطلہ کی جانب آنے والے ایک ڈرون کو مار گرایا ہے۔
اسرائیلی فوج نے یہ بھی اعتراف کیا کہ شمالی فلسطین کے شہر نہاریا کو حزب اللہ کی جانب سے داغے گئے پانچ راکٹوں کا نشانہ بنایا گیا۔
ادھر حزب اللہ لبنان نے جنوبی لبنان کے قصبے زوطر الشرقیہ کے اطراف اسرائیلی فوجی گاڑیوں اور فوجیوں کے اجتماع پر کیے گئے حملے کی تصاویر بھی جاری کر دی ہیں۔
