
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعیان بحرین کے مذہبی رہنما آیتالله شیخ عیسی قاسم نے کہا ہے کہ شہید رہبر انقلاب اسلامی امام آیتالله العظمی سید علی خامنہای نے امت مسلمہ کو حقیقی معنوں میں دوبارہ اسلام کی طرف لوٹانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی امام خامنہ ای کی شہادت کے پچھتر ویں دن کی مناسبت سے کتاب «حکایة السیّد» کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں ایرانی، عرب اور بین الاقوامی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے اپنے پیغام میں شہید رہبرِ انقلاب کو انقلابی بصیرت، مضبوط ارادے اور مؤثر منصوبہ بندی کی صلاحیت رکھنے والی نمایاں شخصیت قرار دیا اور کہا کہ وہ ایسے مجاہد رہنما تھے جو انقلاب اور اس کے عظیم قائد امام خمینیؒ کے راستے میں اپنی جان تک قربان کرنے کے لیے تیار رہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہید امام خامنہای کی پوری شخصیت اس عظیم اور باعزت الٰہی انقلاب کے اصولوں میں ڈھل چکی تھی، وہ انقلاب کے مقصد میں پوری طرح جذب تھے اور صحیح فکر اور حکیمانہ بصیرت کے ساتھ ہمیشہ بلند حوصلے سے اس کے لیے جدوجہد کرتے رہے۔
شیخ عیسی قاسم نے کہا کہ شہید رہبرِ انقلاب ایک باصلاحیت اور فعال رہنما تھے جنہوں نے امت کو حقیقی اور درست معنوں میں اسلام کی طرف واپس لانے کی کوشش کی اور امتِ مسلمہ کی وحدت کو اسلام کی تعلیمات، درست تربیت، تعمیری اہداف اور کامیاب سیاسی حکمت عملی کے مطابق برقرار رکھنے میں کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ امت کو اسلام کی طرف واپس لانا، اسلامی وحدت کو محفوظ رکھنا اور امت کی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا اسلامی انقلاب اور اسلامی حکومت کے تسلسل کے لیے غیرمعمولی اہمیت رکھتا ہے، اور اسی مقصد کے لیے سیاسی قیادت سے لے کر باایمان عوام تک سب کو متحد ہو کر تعاون کرنا چاہیے۔ موجودہ دور میں اسلامی انقلاب کی برکت سے ایک رہنمائی کرنے والی اور عظیم حکومت قائم ہوئی جبکہ امت علم اور عمل دونوں اعتبار سے اسلام سے دور ہوچکی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام ہی باعزت زندگی کا واحد راستہ ہے اور اس کے بغیر کوئی بھی روشن، محفوظ اور پائیدار مستقبل ممکن نہیں، جبکہ اسلامی انقلاب اور اسلامی حکومت کا مقصد امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو دنیا اور آخرت کی بدبختیوں سے نجات دلانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی نے طاغوتی طاقتوں اور عالمی استکبار کے منصوبوں کو ناکام بنا دیا اور ان کے مفادات کو شدید دھچکا پہنچایا، جس سے انہیں ایسا خوف لاحق ہوا جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
شیخ عیسیٰ قاسم نے کہا کہ آج کی جنگ دراصل جاہلیت کے کیمپ اور ایمان کے کیمپ کے درمیان جاری ہے، جہاں جاہلیت کے محاذ کی قیادت امریکی طاغوت، گمراہ صہیونیت اور حضرت موسیٰؑ کی اصل تعلیمات سے منحرف یہودیت کے ہاتھ میں ہے۔
