مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روس کے سینئر سفارتکار نے کہا ہے کہ یورپ سے امریکی جوہری ہتھیاروں کا انخلا علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ غیر جوہری یورپی ممالک، بشمول فن لینڈ، میں ایٹمی ہتھیاروں کی تعیناتی روس کی قومی سلامتی کے لیے خطرات پیدا کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکہ اپنے جوہری ہتھیار یورپ سے واپس لے جائے اور غیر جوہری ممالک اپنی ایسی خواہشات ترک کر دیں تو اس سے خطے میں استحکام بڑھے گا۔
اس سے قبل روسی سفارتکار نے خبردار کیا تھا کہ فرانس کی جانب سے مشرقی یورپ تک جوہری چھتری پھیلانے کی باتیں معاہدہ عدم پھیلاؤ جوہری ہتھیار کو کمزور کر سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یورپ میں جوہری سرگرمیوں میں اضافہ دیگر ممالک کو بھی ایسے ہتھیار بنانے کی طرف مائل کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فرانس اور پولینڈ کی مشترکہ جوہری مشقیں اور فن لینڈ کی جانب سے ایٹمی ہتھیاروں کی میزبانی کی تیاری، روس اور نیٹو کے بنیادی معاہدوں سے متصادم ہے۔
رپورٹ کے مطابق، امریکہ کی جانب سے نیٹو سے نکلنے یا یورپ کے لیے فوجی حمایت کم کرنے کی دھمکیوں کے بعد فرانس مشرقی یورپ اور بالٹک ریاستوں تک اپنی جوہری چھتری بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
روس نے فرانس، جرمنی اور برطانیہ پر روس مخالف بیانیہ کو ہوا دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
