
تمل ناڈو اسمبلی انتخابات میں شکست کے اگلے ہی دن آج منگل کو ڈی ایم کے چیف و سابق چیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے اپنے حلقہ کولاتھور کا دورہ کیا اور عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا
۔ انہوں نے مختلف علاقوں میں پیدل گھوم کر لوگوں سے بات چیت کی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر اپنی تصاویر بھی شیئر کیں۔اپنے پیغام میں اسٹالن نے کہا کہ کولاتھور کے عوام سے ان کا رشتہ جیت اور ہار سے بالاتر ہے۔ گزشتہ 15 برسوں سے عوام نے ان کا ساتھ دیا،
جس دوران انہوں نے 10 سال اپوزیشن اور 5 سال اقتدار میں رہتے ہوئے ترقیاتی کام انجام دیے۔ انہوں نے کہا کہ کولاتھور کو ایک مثالی حلقہ بنانے کے لیے بنیادی سہولتوں کو فروغ دیا گیا اور عوامی مسائل کو حل کرنے کی پوری کوشش کی گئی، اسی لیے وہ ذاتی طور پر لوگوں سے مل کر اظہارِ تشکر کر رہے ہیں۔
