
عادل آباد۔3/مئی(اردو لیکس) “لبیک اللھم لبیک” کی روح پرور صداؤں کے درمیان عادل آباد سے 53 مرد و خواتین پر مشتمل عازمینِ حج کا پہلا قافلہ ہفتہ کی شب ضلع حج سوسائٹی عادل آباد کی نگرانی میں عیدگاہ میدان سے حیدرآباد کے لئے روانہ ہوگیا۔
روانگی سے قبل مسجد محمدیہ میں خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا، جس میں عازمینِ حج کی خیریت اور کامیاب سفر کے لئے دعائیں کی گئیں۔ بعد ازاں مسجد محمدیہ سے متصل عیدگاہ میدان میں ضلع صدر حج سوسائٹی شاہد احمد توکل اور دیگر ذمہ داران کی قیادت میں عازمین کے اعزاز میں تہنیتی تقریب منعقد کی گئی
۔اس موقع پر صدر مجلس نزیر احمد، وائس چیئرمین محمد روہیت، مجلسی کونسلرس، کانگریس پارٹی کے مسلم کونسلرس، الحاج محمد یونس اکبانی، ساجد خان، سیوا فاؤنڈیشن کے نمائندے، دیگر تنظیموں کے ذمہ داران، علماء و حفاظ، نیز سیاسی، سماجی و مذہبی قائدین نے شرکت کی۔ انہوں نے عازمینِ حج کو گلے مل کر مبارکباد پیش کی اور ان کے سفر کی آسانی و کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
مقررین نے عالم اسلام بالخصوص ہندوستان، تلنگانہ اور عادل آباد میں امن و بھائی چارہ اور خوشحالی کے لئے دعا کرنے کی اپیل بھی کی۔بعد ازاں “لبیک اللھم لبیک” کی گونج میں عازمین کو ہری جھنڈی دکھا کر حیدرآباد کے لئے روانہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ حیدرآباد سے 4 مئی کو عادل آباد کا یہ پہلا قافلہ مقدس سفر کے لئے مکہ مکرمہ روانہ ہوگا۔
