
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی بحری محاصرے اور سخت نگرانی کے باوجود ایران سے وابستہ درجنوں آئل ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
برطانوی اخبار فائنینشل ٹائمز نے شپ ٹریکنگ گروپ Vortexa کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکہ کی جانب سے بحری محاصرہ شروع کیے جانے کے بعد اب تک کم از کم 34 ایرانی آئل ٹینکر آبنائے ہرمز عبور کرچکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان میں سے چھ جہاز ایسے تھے جو لاکھوں بیرل ایرانی تیل لے جارہے تھے، جس سے تقریباً 910 ملین ڈالر کی آمدنی حاصل ہوئی۔
دوسری جانب امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے بھی منگل کے روز انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ ایران سے وابستہ 24 سے زائد جہاز جو تیل اور گیس کی ترسیل میں مصروف تھے، امریکی محاصرے کے باوجود آبنائے ہرمز سے گزر گئے۔
رپورٹ کے مطابق یہ محاصرہ 13 اپریل سے نافذ کیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود مذکورہ جہاز مسلسل ایرانی بندرگاہوں تک تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے آتے جاتے رہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ کی کوششوں کے باوجود ایران کی توانائی تجارت مکمل طور پر بند نہیں کی جاسکی۔
