نتیش کمار کے استعفیٰ کے بعد سے ہی قانون ساز پارٹی کے لیڈر کا عہدہ خالی تھا۔ اس تعلق سے سابق وزیر اعلیٰ نے حال ہی میں میٹنگ کی تھی اور اب شرون کمار کے نام پر مہر لگ گئی ہے۔


i
جے ڈی یو کے قومی صدر اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنی پارٹی کا قانون ساز لیڈر منتخب کر لیا ہے۔ انہوں نے جے ڈی یو کے پرانے اور سینئر لیڈر پر بھروسہ کیا ہے۔ نتیش کمار نے سابق وزیر شرون کمار کو جے ڈی یو کے قانون ساز لیڈر کے طور پر منتخب کیا ہے۔ وہ نتیش حکومت میں وزیر تھے، ان کے پاس محکمہ دیہی ترقی طویل عرصہ تک رہا۔ اب این ڈی اے کی نئی حکومت میں انہیں یہی محکمہ دوبارہ مل سکتا ہے، وہ نالندہ سے رکن اسمبلی ہیں۔ سمتا پارٹی کے وقت سے ہی وہ پارٹی سے منسلک ہیں اور سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے کافی قریبی مانے جاتے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ جب نتیش کمار سمتا پارٹی میں تھے تب سے شرون کمار ان کے ساتھ ہیں۔ 1995 سے نالندہ حلقہ اسمبلی سے مسلسل جیت حاصل کرتے آ رہے ہیں۔ اب شرون کمار پر نتیش کمار نے بھروسہ کرتے ہوئے قانون ساز پارٹی کے لیڈر کی ذمہ داری دے دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق نتیش کمار کی منظوری ملنے کے بعد شرون کمار کے نام کو اسمبلی میں بھیجا گیا تھا۔ اس کے متعلق اب نوٹیفکیشن جاری ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ نتیش کمار کے استعفیٰ کے بعد سے ہی قانون ساز پارٹی کے لیڈر کا عہدہ خالی تھا۔ اس تعلق سے نتیش کمار نے حال ہی میں میٹنگ کی تھی اور اب شرون کمار کے نام پر مہر لگ گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جے ڈی یو لیڈر شرون کمار کے متعلق محکمہ داخلہ کی جانب سے 18 اپریل کو خط لکھ کر مطلع کیا گیا تھا کہ انہیں وائی پلس کی سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ ان کے علاوہ نتیش کمار کے بیٹے نشانت کو زیڈ اور سابق نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا کو بھی زیڈ زمرے کی سیکورٹی دی گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
