
حیدرآباد – آئی آئی ٹی اور این آئی ٹی جیسے ممتاز اداروں میں داخلوں کے لیے منعقد ہونے والے جے ای ای مینس کے حتمی نتائج میں تلنگانہ کے طلبہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ متعدد طلبہ نے قومی سطح پر نمایاں رینک حاصل کئے، جبکہ 100 پرسنٹائل اسکور کرنے والے 26 طلبہ میں سے 5 کا تعلق تلنگانہ سے ہونا ایک اہم کامیابی ہے۔
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کی جانب سے پیر کو جاری کیے گئے نتائج کے مطابق پیپر-1 (بی ای، بی ٹیک) کے امتحانات کے پہلے مرحلے میں تقریباً 13 لاکھ اور دوسرے مرحلے میں 10 لاکھ طلبہ شریک ہوئے، جبکہ دونوں سیشنس میں مشترکہ طور پر 8 لاکھ امیدواروں نے شرکت کی۔ 100 این ٹی اے اسکور حاصل کرنے والوں میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش سے پانچ، راجستھان سے چار، دہلی سے تین، مہاراشٹر اور ہریانہ سے دو دو جبکہ چندی گڑھ، بہار، تمل ناڈو، اڈیشہ اور گجرات سے ایک ایک امیدوار شامل ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ تمام 26 امیدوار لڑکے ہیں، جن میں سے 24 جنرل زمرے سے تعلق رکھتے ہیں۔
تلنگانہ کے نمایاں طلبہ میں منتھا شیوا کامیش نے آل انڈیا 7واں، سائی رتھوک ریڈی وینکٹ ریڈی نے 14واں، ویوان شرد مہیشوری نے 19واں اور ڈی بھویتیش ریڈی نے 24واں مقام حاصل کیا۔ رشی پریم ناتھ نے 100 پرسنٹائل اسکور حاصل کیا، جبکہ سائی رتھوک ریڈی جنرل ای ڈبلیو ایس زمرے میں آل انڈیا ٹاپر رہے۔ اسی طرح تلنگانہ کی طالبہ آسنہ ملاورپو نے لڑکیوں کے زمرے میں آل انڈیا ٹاپ رینک حاصل کر کے ریاست کا نام روشن کیا۔
