
نئی دہلی ۔ جموں و کشمیر کے اُدھم پور میں پیر کی صبح اس وقت ایک بڑا حادثہ پیش آیا جب رام نگر کے کاگوٹ علاقے میں ایک مسافر بس الٹ گئی۔ اس حادثہ میں تقریباً 20 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مقامی افراد بھی پولیس و انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔ زخمیوں کو قریبی ہاسپٹل سے رجوع کرایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق بس رام نگر سے اُدھم پور جا رہی تھی تبھی جالو علاقے کے قریب اچانک یہ حادثہ پیش آیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتار اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کی وجہ سے ہوا۔
بتایا جا رہا ہے کہ ایک موڑ پر گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا تھا جس سے تیز رفتار بس بے قابو ہو گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی انتظامیہ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حادثے کی وجوہات سے متعلق مزید معلومات کا انتظار ہے۔
