
نارائن پیٹ: 18 اپریل (اردو لیکس) ریاستی حکومت کے 99 روزہ “پرجا پالن پرگتی پرنالیکا” پروگرام کے تحت ضلع نارائن پیٹ میں “Arrive Alive” مہم کے ذریعے روڈ سیفٹی کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے ضلع پولیس کی جانب سے ایک بڑی بائیک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریالی میں شرکاء نے ہیلمٹ پہن کر عوام کو ٹریفک قوانین کی پابندی کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
یہ ریالی مارکیٹ یارڈ سے شروع ہوکر امبیڈکر چوراستہ، ستیہ نارائن چوراستہ، یادگیر روڈ، پرانا بس اسٹینڈ اور سنٹر چوک سے ہوتی ہوئی شری گارڈن تک پہنچی، جہاں ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔
اس موقع پر جوگلمبا زون-07 کے ڈی آئی جی ایل ایس چوہان آئی پی ایس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روڈ حادثات کی روک تھام کے لیے “Arrive Alive” پروگرام کے تحت وسیع پیمانے پر بیداری مہم چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال ملک میں لاکھوں افراد سڑک حادثات میں جان گنوا دیتے ہیں اور ان حادثات کی بڑی وجہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا لازمی استعمال کریں، نشہ کی حالت میں گاڑی نہ چلائیں اور تیز رفتاری سے گریز کریں۔
ضلع کلکٹر پرتیک جین نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد یہی ہے کہ لوگ گھر سے نکل کر بحفاظت واپس اپنے گھروں کو پہنچیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سماج میں تبدیلی لانے کے لیے آگے آئیں اور روڈ سیفٹی اصولوں کو اپنی عادت بنائیں۔
ضلع ایس پی ڈاکٹر وینیت آئی پی ایس نے بتایا کہ ضلع نارائن پیٹ میں ہر سال 100 سے زائد افراد سڑک حادثات میں ہلاک ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حادثات کو کم کرنے کے لیے دفاعی ڈرائیونگ کو اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن “زیرو انفورسمنٹ” کے تحت بغیر چالان صرف بیداری پروگرام منعقد کیا گیا تاکہ لوگ خود سے قوانین کی پابندی کریں۔
اس پروگرام میں ایڈیشنل ایس پی محمد ریاض الحق، کے علاوہ ضلع کے ڈی ایس پیز، سی آئیز، ایس آئیز، آر ٹی او حکام، عوامی نمائندے، طلبہ اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔


