کھمم کے معروف عالم دین مولانا عبد الستار قاسمی کا انتقال

کھمم میں معروف عالم دین مولانا عبد الستار قاسمی کا انتقال

 

کھمم: تلنگانہ کے کھمم شہر کے ممتاز و جید عالم دین مولانا عبد الستار قاسمی کا آج صبح تقریباً 5:30 بجے انتقال ہو گیا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ وہ گزشتہ تین برسوں سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔

 

مولانا مرحوم 1998 سے مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم کھمم میں بطور استاذ اور صدر مدرس خدمات انجام دے رہے تھے۔ اس کے علاوہ وہ مدرستہ الہدیٰ للبنات، مصطفیٰ نگر کھمم کے 2015 سے ناظم اور مسجد مصطفیٰ نگر کے امام و خطیب بھی تھے۔ مولانا کا تعلق متحدہ ضلع نلگنڈہ کے حضور نگر منڈل کے سنگارم گاؤں سے تھا اور انہوں نے دارالعلوم دیوبند سے فراغت حاصل کی تھی۔

 

مولانا عبد الستار قاسمی مجلس تحفظ ختم نبوت ضلع کھمم کے صدر بھی رہ چکے تھے۔ وہ ایک نہایت مشفق، ملنسار اور طلبہ سے خصوصی شفقت رکھنے والی شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کے سینکڑوں شاگرد کھمم اور نلگنڈہ اضلاع میں موجود ہیں۔

 

انتقال کی خبر ملتے ہی علماء، حفاظ، ائمہ مساجد، دانشوران اور مختلف ملی و سیاسی جماعتوں سے وابستہ افراد بڑی تعداد میں ان کی رہائش گاہ مصطفیٰ نگر پہنچے اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

 

نماز جنازہ بعد نماز عشاء مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم کھمم کے احاطے میں ادا کی گئی، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں قریبی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔

 

پسماندگان میں اہلیہ اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

 

مزید معلومات کے لیے رابطہ نمبرات:

9849412640، 9849409157

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *