
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی مسلح افواج کے سینئر ترجمان جنرل ابوالفضل شکارچی نے کہا ہے کہ امریکہ اب عالمی طاقت نہیں رہا اور اسے مغربی ایشیا کے خطے سے اپنے اڈوں کو ختم کر لینا چاہیے۔
انہوں نے مسلم ممالک کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ ایران اور مسلم عوام پر اعتماد کریں اور امریکہ اور صہیونی قوتوں کے خلاف اتحاد قائم کریں۔
اپنے پیغام میں سردار شکارچی نے کہا کہ اسلامی دنیا کو کفر، شرک اور نفاق کے خلاف متحد ہونا چاہیے، جس کی قیادت امریکہ اور صہیونی قوتیں کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کی طاقت محض ایک فریب ہے اور اس پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا۔ جو امریکہ اپنی کمزور فوج کا دفاع کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا وہ مسلم ممالک اور خطے کی سلامتی کو بھی یقینی نہیں بنا سکتا۔
جنرل شکارچی نے کہا کہ امریکہ کے بڑے جنگی بحری جہاز ابراہام لنکن کو ایران کی فوجی طاقت نے مؤثر کارروائی کے ذریعے عملی طور پسپا کردیا۔ یہ واقعہ تاریخ میں ایک بڑی شکست کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں قائم امریکی فوجی اڈے تباہ ہوچکے ہیں۔ یہ اڈے دہائیوں تک مسلم ممالک کے وسائل سے تعمیر کیے گئے تھے، مگر اب وہ برباد ہوچکے ہیں اور وہاں تعینات امریکی فوجیوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
جنرل شکارچی نے کہا کہ ایران نے عملی میدان میں اپنے ہمسایہ ممالک کے سامنے ثابت کردیا ہے کہ وہ ہر سطح پر کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے اور کامیاب ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران تباہ شدہ اسکولوں، گھروں اور دیگر عمارتوں کو دوبارہ تعمیر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، تاہم امریکہ کی ساکھ، اس کی کھوکھلی طاقت اور شکست خوردہ فوج کو دوبارہ بحال نہیں ہوسکتی۔
