مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل و امریکہ کے درمیان جاری جنگ بیتی رات مزید شدت اختیار کر گئی اور خطے میں بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں دیکھنے میں آئیں۔ دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کے خلاف میزائل، ڈرون اور فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں کئی ممالک میں جانی نقصان اور شدید کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران اور اس سے وابستہ گروہوں نے خلیجی ممالک کی سمت میزائل اور ڈرون حملوں کی ایک بڑی مہم شروع کی۔ متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ اس نے ایران کی جانب سے داغے گئے ایک ہزار سے زائد میزائل اور ڈرون میں سے بیشتر کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ تاہم بعض حملوں میں جانی نقصان بھی ہوا ہے۔
