[]
ممبئی: ریلائنس انڈسٹریز کے سربراہ مکیش امبانی کو ایک نامعلوم شخص نے ای میل پر دھمکی دی ہے اور 400 کروڑ روپیوں کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے منگل کے دن یہ بات بتائی۔ امبانی کی کمپنی کو ای میل پیر کے دن ملا۔ گذشتہ 4 دن میں یہ تیسری ای میل دھمکی ہے۔
قبل ازیں صنعت کار کے سیکوریٹی انچارج کی شکایت پر ممبئی کے گام دیوی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج ہوئی۔جمعہ کے دن پہلے ای میل میں نامعلوم شخص نے 20 کروڑ روپے مانگے تھے۔ ہفتہ کے دن کمپنی کو ایک اور ای میل ملا‘ جس میں 200 کروڑ روپیوں کا مطالبہ کیاگیا۔
پیر کے دن تیسرے ای میل میں مطالبہ کی رقم دگنی کردی گئی۔ ممبئی پولیس کرائم برانچ اور سائبر ٹیمیں ای میل بھیجنے والے کا پتہ چلارہی ہیں۔ گذشتہ برس ممبئی پولیس نے بہار کے دربھنگہ سے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا جس نے امبانی اور ان کے ارکان خاندان کو فون پر دھمکیاں دی تھیں۔ ملزم نے ممبئی کے سرایچ این ریلائنس فاونڈیشن ہاسپٹل کو دھماکہ سے اڑادینے کی دھمکی دی تھی۔