[]
راجستھان اسمبلی انتخابات میں اس بار ووٹنگ نو گھنٹے کے بجائے گیارہ گھنٹے ہوگی۔ اس سے قبل سردار شہر اسمبلی حلقہ میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں 11 گھنٹے تک ووٹنگ ہوئی تھی
جے پور: راجستھان میں پہلی بار اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ نو گھنٹے کے بجائے گیارہ گھنٹے ہوگی۔ پیر کو الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ راجستھان میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ عام طور پر صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ہوتی ہے لیکن اب یہ اوقات صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ہوں گے۔ خیال رہے کہ ریاست میں 2018 کے اسمبلی انتخابات کے دوران صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ووٹنگ ہوئی تھی لیکن 5 دسمبر 2022 کو چورو ضلع کے سردار شہر اسمبلی حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں ووٹنگ 11 گھنٹے تک ہوئی تھی۔
راجستھان میں اگلے ماہ 25 نومبر کو دو سو سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہونی ہے۔ ووٹنگ کو شفاف اور منصفانہ طریقے سے کرانے کے لیے الیکشن کمیشن اور مقامی انتظامیہ انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ پیر (30 اکتوبر) کو انتخابات کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اس دن سے ریاست میں نامزدگی کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔ تمام امیدوار 6 نومبر تک اپنے کاغذات نامزدگی فارم متعلقہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس میں جمع کرا سکتے ہیں۔ امیدوار اگلے ماہ 9 نومبر تک اپنے نام واپس لے سکیں گے۔ ریاست کی تمام 200 سیٹوں کے لیے 25 نومبر کو ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو ہوگی۔
قبل ازیں، نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد، فلائنگ اسکواڈ ٹیم (ایف ایس ٹی) اور سٹیٹک سرویلنس ٹیم (ایس ایس ٹی) ٹیمیں سرگرم ہو گئی ہیں۔ پوری ریاست میں آزادانہ، منصفانہ اور پرامن ووٹنگ کے انعقاد کے لیے ایف ایس ٹی اور ایس ایس ٹی ٹیموں نے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر دی ہے اور آنے اور جانے والی گاڑیوں کی اچھی طرح سے جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ کسی بھی ضبط شدہ گاڑی سے متعلق معاملے کو نمٹانے کے لیے کمیشن کی جانب سے ایک شکایتی کمیٹی تشکیل دیا گیا ہے۔
;