میدان جنگ کا شیر اور سافٹ وار کا غازی؛ ابو عبیدہ کی شہادت پر سپاہ پاسداران کا پیغام

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہِ پاسدارانِ انقلاب اسلامی نے بدھ کے روز ایک تعزیتی بیان جاری کیا ہے جس میں ابو عبیدہ، ان کے اہل خانہ اور چار دیگر مزاحمتی ساتھیوں کی شہادت پر امتِ مسلمہ، فلسطینی عوام اور شہدا کے خاندانوں کو تبریک و تسلیت پیش کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ القسام بریگیڈز نے پیر کے روز ابو عبیدہ کی شہادت کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ رواں سال کے آغاز میں غزہ شہر پر ہونے والے ایک اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوئے تھے۔

پریس ٹی وی کے مطابق، سپاہ پاسداران نے اس شہادت کو دہشت گرد اور سفاک صیہونی حکومت کے خلاف مزاحمت اور اس کے ثمر آور ہونے کی ایک حقیقی تصویر قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بلا شبہ شہدا کا راستہ زندہ ہے اور اسلامی مزاحمت کی گونج بیت المقدس کی آزادی تک ماند نہیں پڑے گی۔

بیان میں ابو عبیدہ کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہوں نے مزاحمت کی فتوحات کا درست اور شفاف بیانیہ دنیا کے سامنے پیش کیا۔ ان کے پر اثر خطاب نے صیہونی پروپیگنڈا مشینری کو اس قدر بے بس کر دیا تھا کہ وہ فلسطینی مزاحمت کی حقیقت کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوششوں میں مایوس ہو گئے۔

سپاہِ پاسداران نے اس بزدلانہ قتل کو میدانِ جنگ میں مزاحمتی جنگجوؤں کی برتری اور صیہونی فوج کی شکست کی علامت قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ مستقبل یقینی طور پر مزاحمت کا ہی ہے۔ بیان میں میدانِ جنگ اور سافٹ وار کے فنکارانہ امتزاج کی تعریف کی گئی، جس نے یورپ اور امریکہ سمیت پوری دنیا میں مزاحمتی فکر کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

سپاہ پاسداران نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بیت المقدس کی مکمل آزادی اور اس مقدس سرزمین سے غاصب صیہونی حکومت کے خاتمے تک اپنی غیر متزلزل حمایت اور جدوجہد جاری رکھیں گے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *