
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت عیسیٰ مسیح علیہ السلام کے یومِ ولادت کی شام، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایران کی مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے شہید رازمیک خاچاطوریان کے گھر کا دورہ کیا اور ان کے اہل خانہ سے گفتگو کی۔
اس ملاقات کا مقصد شہداء کے بلند مقام کو خراجِ تحسین پیش کرنا، ان کے خاندانوں کے صبر و ایثار کی قدردانی کرنا اور کرسمس و نئے سال کی مبارکباد دینا تھا۔
ایرانی صدر نے اس موقع پر شہید کی یاد کو تازہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی آزادی، عزت اور جغرافیائی حدود کے دفاع میں تمام اقوام اور الہامی مذاہب کا کردار بے مثال ہے۔ انہوں نے دفاعِ مقدس کے دوران مسیحی شہداء کی فداکاری کو ایرانی ملت کے گہرے اتحاد اور ہمدلی کا ایک روشن مظہر قرار دیا۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے شہید خاچاطوریان کے اہل خانہ کے صبر اور استقامت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک کو جو عزت اور اقتدار حاصل ہے، وہ شہداء کی قربانیوں اور ان کے معزز خاندانوں کی استقامت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان عزیزوں کی قدردانی کرنا حکومتی عہدیداروں کا مستقل فریضہ ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ شہداء کے سامنے شرمندہ نہیں ہوں گے۔
