خون کے آخری قطرے تک فلسطین کی حمایت جاری رکھیں گے، مقررین

[]

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیراہتمام یکجہتی فلسطین ریلی چیئرنگ کراس مال روڈ سے نکالی گئی۔  ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے رہنما علامہ حسن رضا ہمدانی نے کی۔ یکجہتی فلسطین ریلی میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت کارکنوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی کے شرکاء نے فلسطین کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ حسن رضا ہمدانی ، مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی ، صدر لاہور نجم عباس خان ، چئیرمین کل مسالک علماء بورڈ علامہ عاصم مخدوم ، صدر آئی ایس او لاہور ارتضی باقر ، علامہ جواد موسوی اور علامہ محمد یوسف جوہری کا کہنا تھا کہ ناجائز ریاست اسرائیل کی جانب سے ہسپتال پر میزائل حملہ تاریخ بشریت میں سفاکیت و ظلم کی مثال بن چکا ہے، ہسپتال میں موجود سولہ سو فلسطینی شہریوں میں پانچ سو سے زائد خواتین اور بچے شامل تھے، جنہیں بے دردی سے یکمشت موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ اقوام عالم بالخصوص مسلم ریاستیں مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

خون کے آخری قطرے تک فلسطین کی حمایت جاری رکھیں گے، مقررین

خطباء کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری مظلوم فلسطینیوں کی داد رسی کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے نہتے عوام  پر ہونیوالے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم فلسطینی بہن بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں، خون کے آخری قطرے تک فلسطین کی حمایت جاری رکھیں گے۔

دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام مظلوم ہیں، آج اگر مسلم ممالک نے متحد ہو کر اسرائیل کیخلاف کھڑے نہ ہوئے تو پھر فلسطین ختم ہو گا اور بیت المقدس کی آزادی ناممکن ہو جائے گی۔ امریکہ کی ناجائز اولاد اسرائیل، پوری قوت کیساتھ فلسطینی عوام کی نسل کشی پر ڈھٹائی کیساتھ اپنے مظالم جاری رکھے ہوئے ہیں، مگر افسوس مسلم ممالک اپنے ایمانی بھائیوں کے تحفظ کیلئے ابھی تک کوئی لائحہ عمل تیار نہیں کر سکے۔ جب تک مسلمان یک زباں نہیں ہوں گے فلسطین کو سپورٹ نہیں مل سکے گی۔
 

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *