
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے اعلیٰ قومی سکیورٹی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر علی لاریجانی نے حزب اللہ کے سینئر کمانڈر شہید ہیثم علی طباطبائی کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی رژیم کے جرائم اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک سب یہ حقیقت نہ سمجھ لیں کہ اس جعلی رژیم کا واحد علاج عسکری مقابلہ ہے۔
لاریجانی نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اپنے مجرمانہ اقدامات کو جاری رکھے گا اور اس کا واحد جواب مزاحمت اور مقابلہ ہے۔
انہوں نے اپنے ایکس (X) اکاؤنٹ پر لکھا ہے حزب اللہ کے سینئر کمانڈر ہیثم علی طباطبائی اپنے چند ساتھیوں کے ہمراہ اسرائیلی رژیم کے مجرمانہ حملے میں شہید ہوئے، یہ واقعہ حضرت فاطمہ (س) کی شہادت کی سالگرہ کی شب پیش آیا۔
لاریجانی نے اس موقع پر حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم اور دیگر کمانڈروں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ اتوار کو اسرائیلی فضائیہ نے بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ میں رہائشی عمارتوں پر حملہ کیا، جس میں حزب اللہ کے کمانڈر ہیثم علی طباطبائی سمیت کم از کم پانچ افراد شہید اور ۲۸ افراد زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
