
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر معظم انقلاب اسلامی کے اعلی دفاعی مشیر میجر جنرل یحیی صفوی نے کہا کہ دنیا اس وقت ایک نئے نوعیت کے مقابلے میں مصروف ہے، جسے راہداریوں کی جنگ کہا جاتا ہے۔ یہ مقابلہ ریلوے، سمندری راستوں اور زمینی ٹرانزٹ پر مبنی ہے۔
جنرل صفوی نے کہا کہ اس جنگ میں وہی ممالک مرکزی کردار ادا کریں گے جن کے پاس اسٹریٹجک جغرافیہ اور مضبوط سیکورٹی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ جنگ مشرق اور مغرب کے درمیان تہذیبی مقابلے کی عکاسی کرتی ہے، اور ایران اپنی منفرد جغرافیائی حیثیت کے باعث مشرق سے مغرب اور شمال سے جنوب کو جوڑنے والا ایک نیا محور بن سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ایران کی خصوصی جغرافیائی پوزیشن مغربی ایشیا کو مشرقی ایشیا اور یورپ سے جوڑتی ہے۔ یہی اسے ایک منفرد ٹرانزٹ پوائنٹ بناتی ہے۔ ایران کا ریلوے نیٹ ورک مغرب میں ترکی اور یورپ، شمال مغرب میں آذربائیجان، شمال میں بحیرۂ خزر، ترکمانستان، قازقستان، آذربائیجان اور روس، شمال مشرق میں وسطی ایشیا، روس اور چین، جنوب مشرق میں پاکستان اور جنوب میں خلیج فارس اور عالمی سمندری راستوں سے منسلک ہے۔
