بھوپال: مدھیہ پردیش کے ضلع کٹنی میں ایک دلت نوجوان کے ساتھ پٹائی اور غیر انسانی سلوک کا واقعہ رونما ہوا ہے۔ ’آئی اے این ایس‘ رپورٹ کے مطابق، بہوری بند تھانہ علاقے کے گاؤں مٹوارا میں غیر قانونی کانکنی کی مخالفت کرنے پر گاؤں کے دبنگوں نے ایک دلت نوجوان کی نہ صرف وحشیانہ پٹائی کی بلکہ اس پر پیشاب جیسی ذلت آمیز حرکت بھی کی۔
متاثرہ نوجوان راج کمار چودھری نے بتایا کہ اس نے اپنے کھیت کے قریب ہو رہی غیر قانونی کانکنی پر اعتراض کیا تھا۔ یہ کانکنی مبینہ طور پر گاؤں کے سرپنچ رامانوج پانڈے، ان کے بیٹے پون پانڈے، بھتیجے ستیش پانڈے اور ان کے چند ساتھیوں کے ذریعے کروائی جا رہی تھی۔ راج کمار کے اعتراض کرنے پر سبھی نے مل کر اسے پکڑ لیا اور لوہے کی راڈ سے بے رحمی سے مارا پیٹا۔
