قادری برادرس کی جانب سے حافظ افتخاراحمدقادری کو صحافتی خدمات پر اعزاز

قادری برادرس کی جانب سے حافظ افتخاراحمدقادری کو صحافتی خدمات پر اعزاز

گزشتہ شب شہر میں ایک پُروقار علمی و روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف قلم کار حافظ افتخار احمد قادری کو ان کی نمایاں صحافتی خدمات کے اعتراف میں “قادری ایوارڈ” سے نوازا گیا۔ یہ تقریب خلوص و محبت کے پر نور ماحول میں منعقد ہوئی جس میں شہر کے نامور علما و مشائخ اور علمی شخصیات نے شرکت فرمائی۔
اس روحانی و علمی نشست کی صدارت حضرت علامہ مفتی نور محمد قادری حسنی نے فرمائی جبکہ مفتی ساجد حسنی، مفتی محمد میاں قادری، استاذ الحفاظ حضرت حافظ اسلم نوری، ہمدرد قوم و ملت حافظ نور احمد قادری ازہری، مولانا شمیم احمد غزالی، مولانا ناظم رضا مصباحی، مولانا نعمت علی اور مفتی شیر محمد مصباحی سمیت شہر کے دیگر معزز علما بھی موجود تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد مختلف مقررین نے حافظ افتخار احمد قادری کی دینی و صحافتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ قادری صاحب نے ہمیشہ صحافت کو دینی و اخلاقی اقدار کے تابع رکھا اور قلم کے ذریعے امتِ مسلمہ کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ اس موقع پر مفتی نور محمد قادری حسنی نے کہا کہ حافظ افتخار احمد قادری جیسے اہلِ قلم ہمارے معاشرے کا سرمایہ ہیں جنہوں نے دینی غیرت، سچائی اور اخلاص کے ساتھ صحافت کو خدمتِ دین کا ذریعہ بنایا۔ آخر میں حافظ افتخار احمد قادری نے اس اعزاز پر الله تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ انعام میرے لیے عزت و ذمہ داری دونوں کا درجہ رکھتا ہے۔ میں اسے اپنے اساتذہ بزرگوں اور قارئین کی محبت کا ثمر سمجھتا ہوں۔ تقریب دعا و درود کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *