[]
ممبئی: پی ایف آئی سے متعلق کیس میں دھاوا کرنے والی این آئی اے ٹیم کو ایک شخص کے مکان کے باہر انتظار کرنا پڑا، کیو ں کہ اس شخص نے چھ گھنٹوں تک اپنے مکان کا دروازہ نہیں کھولا تھا۔
یہ شخص سابق میں 7/11 ممبئی ٹرین دھماکہ کیس کا ملزم رہ چکا ہے۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی کی یہ کارروائی‘ گزشتہ سال وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ بہار کے دوران انتشار پیدا کرنے سے متعلق کیس کے سلسلے میں ممنوعہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے خلاف 6ریاستوں میں کئی مقامات پر اس کے دھاوؤں کا حصہ ہے۔
این آئی اے کی ٹیم ممبئی پولیس کے ساتھ صبح 5بجے عبدالواحد شیخ کے مکان پہنچی جو وکھرولی کے پارک ساٹ کی چال کے اندر واقع ہے۔ مگر شیخ نے چھ گھنٹوں سے زائد وقت تک دروازہ نہیں کھولا اور عہدیداروں کو باہر انتظار کروایا۔ مکان کے اندر سے شیخ نے این آئی اے سے تلاشی وارنٹ طلب کیا۔
تقریباً11:15 بجے جب اس کا وکیل اور کچھ مقامی جہد کار وہاں پہنچے تو اس نے دروازہ کھولا۔ اس کے بعد این آئی اے ٹیم اس کے مکان میں داخل ہوئی اور پی ایف آئی سے متعلق کیس کے سلسلے میں پوچھ تاچھ شروع کی۔
پولیس کی کثیر تعداد شیخ کے مکان کے باہر تعینات کی گئی۔ قبل ازیں شیخ نے واٹس ایپ پر ویڈیو پیغام پوسٹ کرکے کہا کہ پولیس اور کچھ لوگ اس کے مکان کے باہر صبح5بجے سے جمع ہیں۔
وہ میرے گھر میں داخل ہونے کے خواہاں ہیں، انہوں نے ایک دروازہ توڑدیا اور میرے گھر کا سی سی ٹی وی کیمرہ تباہ کردیا۔ وہ مجھے کیس یا کسی ایف آئی آر سے متعلق کوئی دستاویز نہیں دکھارہے ہیں۔
میں نے تین گھنٹوں سے خود کو اور اپنے خاندان کو اندر سے مقفل کرلیا۔ میری بیوی اور بیٹی بیمار ہیں۔ میں نے پولیس اور ممبئی پولیس کمشنر سے اس ضمن میں شکایت کی۔ شیخ کو 7/11 ٹرین دھماکے کیس میں ملزم بنایا گیا تھا مگر بعد ازاں عدالت نے اسے بری کردیا۔