[]
نئی دہلی: اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری جنگ کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے اسرائیل کی حمایت کی ہے وہیں کانگریس فلسطین کی تائید میں کھڑی ہے۔
بین القوامی میڈیا میں شائع خبروں کے مطابق بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اپنے اسرائیلی ہم منصب بن یامین نیتن یاہو سے ٹیلی فونک رابطے میں حماس کے ساتھ جاری لڑائی میں ایک بار پھر اسرائیل کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پوسٹ میں کہا کہ
’میں نے فون کال اور اسرائیل کی تازہ صورتِ حال سے واقف کرانے پر بن یامین نیتن یاہو کا شکریہ ادا کیا۔ اس مشکل گھڑی میں بھارت کے عوام اسرائیل کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بھارت ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے‘
یہ دوسرا موقع ہے جب وزیرِ اعظم مودی نے اسرائیل پر حملے کی مذمت کی اور اسرائیل کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ قبل ازیں ہفتے کو انہوں نے اسرائیل میں حملوں کی مذمت کی تھی اور اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا تھا۔
ادھر بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس پارٹی نے فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اس کا مؤقف وزیرِ اعظم کے مؤقف کے بالکل برعکس ہے۔
کانگریس ورکنگ کمیٹی نے پیر کو ایک قرارداد منظور کرتے ہوٹ مشرق وسطیٰ میں چھڑی جنگ پر اظہار افسوس کیا اور فلسطینی عوام کو پارٹی کی دیرینہ حمایت کے مؤقف کا اعادہ کیا۔
بیان کے مطابق سی ڈبلیو سی فلسطینی عوام کے زمین، خودمختاری اور باعزت زندگی گزارنے کے حقوق کے لیے اپنی دیرینہ حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔