[]
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرجع تقلید نے عراق سے جاری ہونے والے بیان میں کہا ہے کہ صہیونی حکومت دنیا کی نظروں کے سامنے جنایت میں مرتکب ہورہی ہے لیکن اس کو روکنے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا جارہا ہے۔
آیت اللہ العظمی سیستانی کے دفتر سے جاری بیان کا متن ذیل میں پیش کیا جاتا ہے
بسم اللہ الرحمن الرحیم
آج کل غزہ کی پٹی شدید حملوں اور مسلسل بمباری کی زد میں ہے جس کی مثال کم ملتی ہے۔ آج تک چھے ہزار سے زائد بے گناہ سویلین جاں بحق اور بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔ مختلف مقامات کو نشانہ بنایا جارہا ہے تاکہ لوگوں کو چھپنے کے لئے پرامن جگہ نہ مل سکے۔
صہیونی فوج نے غزہ کا مکمل محاصرہ کیا ہے اور پانی، غذائی اجناس اور دوائیوں سمیت ضروریات زندگی کی فراہمی بند کردی ہے۔ اس سے سب سے زیادہ بے گناہ عوام متاثر ہورہے ہیں گویا حالیہ دنوں میں ہونے والی بڑی اور ذلت آمیز شکست کا بدلہ عوام سے لیا جارہا ہے۔
یہ واقعات دنیا کی نظروں کے سامنے ہورہے ہیں لیکن کوئی روکنے والا نہیں ہے بلکہ بعض عناصر ان مجرمانہ کاروائیوں کی حمایت کررہے ہیں اور دفاع کا نام دیتے ہوئے اس کی توجیہ کررہے ہیں۔
عالمی برادری سے اپیل ہے کہ اس ظلم و بربریت کے سامنے کھڑی ہوجائے اور غاصب صہیونی فورسز کو فلسطینی مظلوم عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑنے سے روکے۔
سات دہائیوں سے ظلم کا شکار فلسطینی عوام کی مشکلات ختم کرنے اور خطے میں امن و سکون ایجاد کرنے کا راہ حل یہ ہے کہ فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق دیتے ہوئے ان کی زمینوں کو غاصبوں کے قبضے سے چھڑایا جائے ورنہ ظلم و ستم کا سلسلہ جاری رہے گا اور صہیونی انتہاپسندی کے نتیجے میں بے گناہوں کا خون بہتا رہے گا۔
ولاحول ولا قوۃ الا باللہ
دفتر آیت اللہ سیستانی
نجف اشرف