حیدرآباد، 19 اگست (سفیر نیوز)
تلنگانہ اردو اکیڈمی کی جانب سے ایک شاندار تقریب میں ریاست بھر کے 173 اساتذہ کو “بہترین اردو استاد ایوارڈ” سے نوازا گیا۔ یہ تقریب منگل کو کنگ کوٹی واقع بھارتیہ ودیا بھون میں منعقد ہوئی، جس میں اساتذہ کی اردو زبان کے فروغ اور تحفظ کے لیے گراں قدر خدمات کو سراہا گیا۔
اس موقع پر 2022 اور 2023 کے منتخب اساتذہ کو اعزازات دیے گئے۔ سال 2022 کے لیے 130 نامزدگیوں میں سے 73 اساتذہ اور 2023 کے لیے 198 نامزدگیوں میں سے 100 اساتذہ کو منتخب کیا گیا۔ ہر ایک انعام یافتہ کو اعزاز کے ساتھ 25 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی شیڈول کاسٹ ڈویلپمنٹ، ٹرائبل و اقلیتی بہبود کے وزیر مسٹر اَدلوری لکشمن کمار تھے۔ ان کا استقبال صدر تلنگانہ اردو اکیڈمی طاہر بن حمدان نے کیا۔ اس موقع پر بی شفیع اللہ، سکریٹری و کمشنر برائے اقلیتی بہبود، سید عظمت اللہ حسینی، چیئرمین وقف بورڈ، محمد عبید اللہ کوٹوال، چیئرمین اقلیتی فنانس کارپوریشن، سجاد علی، ڈائریکٹر و سکریٹری اردو اکیڈمی کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر وی کرشنا بھی موجود تھے۔
اعزاز یافتہ اساتذہ مختلف اضلاع جیسے عادل آباد، ہنمکنڈہ، جگتیال، جے شکر بھوپال پلی، کاماریڈی، کریم نگر، محبوب نگر، نلگنڈہ، نظام آباد، رنگا ریڈی، سدی پیٹ اور ورنگل وغیرہ سے تعلق رکھتے ہیں۔
وزیر لکشمن کمار نے اپنے خطاب میں ریونت ریڈی حکومت کے اقلیتی بہبود کے تئیں عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ریاست کے تمام 33 اضلاع میں ایجوکیشن والنٹیرس کے تقرر کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتی طلبہ کے مستقبل کو محفوظ بنانے اور اقلیتی اسکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر کرنے کے لیے جامع منصوبے تیار کر رہی ہے۔
تقریب کے آخر میں صدر اکیڈمی طاہر بن حمدان نے اظہار خیال کیا اور چند انعام یافتہ اساتذہ جیسے شکیلہ بیگم (میڈچل)، ڈاکٹر آمنہ اختر (ہنمکنڈہ)، ڈاکٹر عظمت اللہ (محبوب نگر)، اجمل پاشا (کاماریڈی)، شہیدہ بیگم (محبوب نگر) اور چاند سلطانہ (ہنمکنڈہ) نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
