
حیدرآباد: شہرِ حیدرآباد میں پولیس نے ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے چیتنیہ پوری، کتہ پیٹ، ناگول، سائی نگر اور الکاپور میں غیرقانونی طور پر چلائے جارہے اسپـا سینٹروں پر ایک ساتھ چھاپے مارے۔ پولیس کے مطابق اس آپریشن کے دوران درجنوں افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
واسووی کالونی، کتہ پیٹ میں آستھالکشمی مندر کے قریب واقع موجو ویلنَس اسپـا سے تین افراد گرفتار کیے گئے جن میں ایک مرد کسٹمر اور دو خواتین اسٹاف شامل ہیں جبکہ اسپـا کا مالک فی الحال مفرور ہے۔ اسکائی بیوٹی اینڈ اسپـا، وکٹوریا میٹرو اسٹیشن کے قریب کتہ پیٹ سے دو خواتین کو گرفتار کیا گیا، جن میں اسپـا کی مالک اور ایک اسٹاف شامل ہیں۔
نیو ناگول کے پربھات نگر میں قائم اے پیس فل فیملی سلون اینڈ اسپـا سے سات افراد گرفتار ہوئے، جن میں ایک مرد مالک، پانچ خواتین اسٹاف اور ایک مرد کسٹمر شامل ہے۔ سائی نگر کالونی میں شیواجی اسٹیچو کے قریب برائٹنس بیوٹی اسپـا سے چھ افراد پکڑے گئے، جن میں ایک مرد مینیجر، دو خواتین اسٹاف اور دو مرد کسٹمر شامل ہیں، جبکہ اسپـا کی خاتون مالک فرار بتائی جارہی ہے۔
اسی علاقے میں واقع لَوی بیوٹی اسپـا سے آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں ایک خاتون مالک، چار خواتین اسٹاف اور تین مرد کسٹمر شامل ہیں۔ الکاپوری میں ایچ ڈی ایف سی بینک کے اوپر قائم سری ایلائٹ اسپـا اینڈ سلون سے چار افراد پکڑے گئے جن میں ایک مرد مینیجر اور تین خواتین اسٹاف شامل ہیں۔
ناگول ایکس روڈ کے قریب وزرائزن اسپـا سے پولیس نے دس افراد کو گرفتار کیا، جن میں ایک مرد مینیجر، ایک مرد کسٹمر، آٹھ خواتین تھراپسٹس اور ایک خاتون ٹیلی کالر شامل ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ تمام گرفتار شدگان کو پولیس اسٹیشن منتقل کر کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ دو ماہ قبل بھی عامرپیٹ میں پولیس نے ایم ایس بیوٹی سلون اینڈ اسپـا پر چھاپہ مارا تھا، جس میں چھ خواتین، ایک طالبعلم اور سب آرگنائزر اوشا شری کو گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ شہر میں غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث اسپـا سینٹروں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔
