ایران کا سیلاب سے متاثرہ پاکستانی عوام سے اظہار ہمدردی، ہر ممکن امداد کی پیشکش

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی سے ٹیلیفونک گفتگو میں پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی حکومت اور عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ایرانی وزیر داخلہ نے گفتگو میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور سیلاب متاثرین کے لیے ہر ممکن امداد فراہم کرنے کو تیار ہے۔

وزارت داخلہ پاکستان کے مطابق، دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے آئندہ دورہ پاکستان سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔

محسن نقوی نے ایران کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، صدر مسعود پزشکیان کے دورہ اسلام آباد کا منتظر ہے اور اس موقع کو دونوں برادر ممالک کے تعلقات کے مزید فروغ کا ذریعہ سمجھتا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *