[]
دہرہ دون: پاکستانی عقیدت مندوں کو جو منگل سے سالانہ عرس شریف کیلئے اترکھنڈمیں پیراں کلیارشریف کا دورہ کریں گے‘ انہیں اس مرتبہ بھگوت گیتا اورگنگاجل کا تحفہ دیاجائے گا۔
اترکھنڈ وقف بورڈ کے صدرنشین شاداب شمس نے یہ بات بتائی۔ تیرہویں صدی کے صوفی سنت علاء الدین علی احمدصابرکلیاری جنہیں سرکارصابرپاک کے نام سے بھی جانا جاتاہے‘ ان کی درگاہ گنگاکے کنارے رورکی کے قریب موضع کلیارمیں واقع ہے جس کا مسلمان اورہندو دونوں ہی احترام کرتے ہیں۔
عہدیداروں نے بتایاکہ جاریہ سال عرس کے موقع پر پاکستان سے110 عقیدت مند پیراں کلیارشریف کا دورہ کریں گے۔ پاکستانی عقیدت مندہرسال پیراں کلیارشریف کا دورہ کرتے ہیں، لیکن پہلی مرتبہ انہیں بھگوت گیتا کی نقول اورگنگاجل کا تحفہ دیاجائے گا۔
شمس نے بتایاکہ ریاستی وقف بورڈ اورکلیارشریف مینجمنٹ کمیٹی پاکستانی عقیدت مندوں کومشترکہ طورپر یہ تحفے پیش کرے گی اوران سے درخواست کی جائے گی کہ وہ پاکستان میں مندروں کے پجاریوں اورمہنتوں کویہ چیزیں دیوبھومی کے مقدس تحفہ کے طورپرحوالے کریں۔
عرس کا پہلا چراغاں منگل کے روز ہوگا۔اترکھنڈکے سابق چیف منسٹرس رمیش پوکھریان نشانک اورہریش راوت کی بھی اس تقریب میں شرکت متوقع ہے۔