مایاوتی نے بی جے پی کے گزشتہ گیارہ سالہ اقتدار پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ حکومت نے اپنے دور اقتدار کی جو بے شمار کامیابیاں گنوائی ہیں، ان کا زمین پر کتنا اثر ہوا، یہ عوام خود وقت آنے پر بتائیں گے۔ ان کے مطابق غربت، بیروزگاری اور عوامی مصائب جیسے مسائل میں کوئی بنیادی تبدیلی نظر نہیں آ رہی، اس لیے حقیقی فائدہ کا اندازہ عوام خود لگائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ قومی اور ذات پر مبنی مردم شماری کا عمل کافی وقت سے زیر التوا تھا لیکن مسلسل مطالبات اور دباؤ کے بعد اب اس سمت میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے۔ مایاوتی نے کہا کہ یہ صرف مردم شماری نہیں بلکہ عوامی بہبود اور فلاح و ترقی کے لیے بنیادی معلومات فراہم کرنے والا قدم ہے، جس سے مختلف طبقات کی صحیح نمائندگی اور مسائل کی نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔
