ریاض: سعودی عرب نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ایران کی خودمختاری کے خلاف کھلی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ایک سخت الفاظ پر مشتمل بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت اسلامی جمہوریہ ایران کے برادر عوام کے خلاف اسرائیل کی اس کھلی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
وزارتِ خارجہ نے کہا کہ یہ حملے ایران کی سلامتی اور خودمختاری کو مجروح کرتے ہیں اور عالمی قوانین و اصولوں کی کھلی خلاف ورزی شمار ہوتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ بین الاقوامی برادری، خصوصاً اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان حملوں کو فوری طور پر رکوانے کے لیے مؤثر اور ٹھوس اقدام کرے۔
