[]
چھترپتی سمبھاجی نگر: مراٹھا کوٹہ کارکن منوج جارنگے کو جنہوں نے حال میں 16 روزہ بھوک ہڑتال کی تھی اتوار کے دن اورنگ آباد کے ایک دواخانہ میں شریک کرادیاگیا۔ ایک ڈاکٹر نے یہ بات بتائی۔
ان کا بلڈپریشر تھوڑا کم ہے لیکن مجموعی طور پر صحت ٹھیک ہے۔ 40 سالہ جارنگے کا علاج کرنے والے ڈاکٹر نے پی ٹی آئی کو بتایاکہ بھوک ہڑتال کی وجہ سے جارنگے کا وزن 8 تا10کیلوکم ہوگیا ہے۔ ان کا بلڈپریشر تھوڑا کم ہے۔
اتوار کے دن ان کا کڈنی فنکشن ٹسٹ(کے ایف ٹی) نارمل آیا لیکن سیرم کیراٹینین زیادہ ہے کیونکہ وہ بھوک ہڑتال کررہے ہیں۔
ڈاکٹر نے کہا کہ جارنگے کو آئی سی یو میں نہیں رکھاگیا ہے اور مزید ٹسٹوں کی رپورٹ نارمل آئی تو انہیں ڈسچارج کردیاجائے گا۔
مرہٹوں کو اوبی سی کوٹہ کے مطالبہ پر جارنگے پاٹل نے 29اگست سے ضلع جالنہ کے موضع انترویلی سارتھی میں بھوک ہڑتال کررکھی تھی۔
انہوں نے 14 ستمبر کو اس وقت اپنی ہڑتال ختم کی تھی جب چیف منسٹر مہارشٹرا ایکناتھ شنڈے نے ان سے ملاقات کی اور انہیں تیقن دیاتھا کہ حکومت مرہٹوں کو کوٹہ دینے کی پابند ہے۔