بھارت سمٹ 2025 تلنگانہ کو عالمی سطح پر ماڈل ریاست کے طور پر پیش کرنے کی تیاریاں مکمل۔
حیدرآباد۔24/اپریل(سفیرنیوز/صداۓ حسینی) بھارت سمٹ 2025 کے انعقاد کے لیے تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں یہ دو روزہ عالمی کانفرنس کانگریس حکومت کی جانب سے ایک منفرد پہل ہے جس کا مقصد تلنگانہ کو ترقی پسند سوچ رکھنے والی ماڈل ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے یہ تقریب کا آغاز جمعہ کے روز ایچ آئی سی سی نووٹیل حیدرآباد میں ہوگا۔اس اہم اجلاس میں دنیا کے 100 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے مختلف شعبہ ہائے زندگی کے 450 سے زائد مندوبین شرکت کریں گے جن میں حکومتی سربراہان، ارکان پارلیمنٹ، سیاسی جماعتوں کے نمائندے، کارپوریٹ اداروں کے سربراہان اور بین الاقوامی مفکرین شامل ہوں گے۔سمٹ کے پہلے دن صنفی انصاف و خواتین دوست مستقبل، حقیقت بمقابلہ فسانہ، غلط معلومات کا مقابلہ، نوجوان اور آنے والی سیاست اور نئے عالمی نظام کی تشکیل جیسے اہم موضوعات پر پینل ڈسکشنز ہوں گے۔ دوسرے دن تنوع و احترام کے ساتھ انتہاپسندی کا خاتمہ، ماحولیاتی انصاف، غیر یقینی معیشت میں اقتصادی انصاف اور کثیر قطبی دنیا میں امن و انصاف جیسے موضوعات پر بحث ہوگی۔کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے، سینئر رہنما راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی افتتاحی اور اختتامی اجلاس سے خطاب کریں گے جبکہ دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی ماہرین بھی اظہار خیال کریں گے۔ریاستی نائب وزیر اعلیٰ ملو بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ یہ سمٹ عدم تشدد، سچائی، انصاف اور جمہوریت جیسے کانگریس کے بنیادی اصولوں کو اجاگر کرے گا۔
