کراؤن پرنس محمد بن سلمان سے وزیراعظم مودی کی بات چیت

[]

نئی دہلی: ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹراٹیجک پارٹنرشپ‘ علاقائی و عالمی استحکام کے لئے اہم ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤز میں سعودی کراؤن پرنس محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے بات چیت کے دوران یہ بات کہی۔

انہوں نے سعودی عرب کو ہندوستان کا اہم ترین اسٹراٹیجک پارٹنر قراردیا۔ بات چیت سے قبل سعودی پرنس کا راشٹرپتی بھون کے احاطہ میں رسمی خیرمقدم کیا گیا۔ سعودی قائد نے کہا کہ جی 20 چوٹی کانفرنس میں جو اعلانات کئے گئے اس سے دنیا کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے بہترین مستقبل کے لئے مل جل کر کام کریں گے۔ یو این آئی کے بموجب ہندوستان-سعودی عرب اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کی آج یہاں پہلی میٹنگ میں دونوں فریقوں نے اپنے گہرے باہمی تعاون میں اقتصادی تعاون، توانائی کی ترقی اور ڈیجیٹل رابطہ کی نئی اور جدید جہتوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے مشترکہ طور پر میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ کے بعد وزیر اعظم مودی نے اپنے پریس بیان میں کہاکہ “ہندوستان اور سعودی عرب کی دوستی علاقائی اور عالمی استحکام، خوشحالی اور انسانی بہبود کے لیے اہم ہے۔

ہندوستان-سعودی عرب اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کے رہنماؤں کی پہلی میٹنگ میں شرکت کرنا ان کے لیے خوشی کی بات ہے، جس کا اعلان 2019 میں سعودی عرب کے دورہ کے دوران کیا گیا تھا۔ ان 4 سالوں میں، یہ کونسل ہماری اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک موثر ذریعہ کے طور پر ابھری ہے۔

مودی نے کہاکہ اس کونسل کے تحت دونوں کمیٹیوں کی کئی میٹنگیں ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے ہر شعبے میں ہمارا باہمی تعاون مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ہم بدلتے وقت کے تقاضوں کے مطابق اپنے تعلقات میں نئی اور جدید جہتیں شامل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہندوستان کے لئے ہمارے اہم ترین اسٹراٹیجک شراکت داروں میں سے ایک ہے۔

دنیا کی دو سب سے بڑی اور تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشتوں کے طور پر ہمارا باہمی تعاون پورے خطہ کے امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔”وزیر اعظم نے کہا کہ “سعودی عرب کے ولی عہد کے ساتھ میری ملاقات میں ہم نے اپنی قریبی شراکت داری کو اگلے درجے تک لے جانے کے لیے متعدد اقدامات کی نشاندہی کی۔”

ہماری آج کی ملاقات ہمارے تعلقات کو ایک نئی توانائی، ایک نئی سمت دے گی اور انسانیت کی بہتری کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کی ترغیب دے گی۔”مودی نے کہاکہ“ہم نے مل کر ہندوستان، مغربی ایشیا اور یورپ کے درمیان اقتصادی راہداری کے قیام کی ایک تاریخی شروعات کی ہے۔

یہ راہداری نہ صرف دونوں ممالک کو جوڑے گی بلکہ ایشیا، مغربی ایشیا اور یورپ کے درمیان اقتصادی تعاون، توانائی کی ترقی اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کو بھی مضبوط کرے گی۔سعودی عرب کے ولی عہد کی قابل اور دور اندیش قیادت کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ “میں آپ کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ سعودی عرب آپ کی قیادت میں اور آپ کے وژن 2030 کے ذریعہ تیزی سے معاشی اور سماجی ترقی کر رہا ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *