یہ حادثہ جمعہ کی صبح تقریباً 10 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا، جب ’سسنا 310‘ ماڈل کا چھوٹا طیارہ بوکا ریٹن ایئرپورٹ سے فلوریڈا کے شہر تالاہاسی کے لیے روانہ ہوا تھا۔ طیارہ اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد اچانک ایک ہائی وے کے قریب زمین پر گر پڑا۔ حادثے کے بعد طیارے میں زور دار دھماکہ ہوا اور شعلے بلند ہونے لگے۔ اس وقت وہاں سے ایک کار گزر رہی تھی، جو شعلوں کی زد میں آ گئی۔ کار میں سوار شخص جھلس کر زخمی ہو گیا اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔
بوکا ریٹن فائر ریسکیو کے اسسٹنٹ چیف مائیکل لاسیل کے مطابق، طیارے میں سوار تینوں افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، تاہم طیارے میں لگنے والی آگ نے کسی کو نکلنے کا موقع نہ دیا۔ حکام نے فوری طور پر علاقے کو سیل کر دیا اور قریبی سڑکوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔
