نئی دہلی: کانگریس نے نوجوان پیشہ وروں کو پارٹی سے جوڑنے کے لیے سابق وزیر اعظم آنجہانی ڈاکٹر منموہن سنگھ کے نام سے فیلوشپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ’ڈاکٹر منموہن سنگھ فیلوز پروگرام‘ کے تحت ہر سال ملک بھر کے ایسے 50 مڈ کیریئر پیشہ وروں کا سلیکشن کیا جائے گا، جو سیاست کے ذریعہ سماج میں اپنا تعاون پیش کرنا چاہتے ہیں۔
اس سلسلے میں تفصیلی جانکاری نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقد ایک پریس کانفرنس کے دوران پارٹی کے میڈیا و ایڈورٹائزنگ ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا، جھارکھنڈ کانگریس انچارج کے. راجو اور پروفیشنلز کانگریس و ڈاٹا اینالیٹکس ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پروین چکرورتی نے دی۔ اس پروگرام کے بارے میں کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جانکاری دی ہے۔ انھوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’وقت آ گیا ہے کہ ہندوستان کے سب سے باصلاحیت لوگ اپنی طاقت سیاست میں لائیں۔ ’ڈاکٹر منموہن سنگھ فیلوز پروگرام‘ مڈ کیریئر پیشہ وروں کے لیے ہماری اپیل ہے کہ عوامی زندگی میں قدم رکھیں، ایمانداری سے قیادت کریں اور ایک ترقی پذیر و مجموعی ہندوستان کی تشکیل میں مدد کریں۔‘‘
