دبئی سے حیدرآباد سیل فونس کی اسمگلنگ 5 خواتین شمس آباد ایر پورٹ پر گرفتار

حیدرآباد ۔ حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پانچ خواتین پر مشتمل گروہ کو گرفتار کر لیا جو بغیر قیمتی موبائل فونس اسمگل کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ یہ خواتین متحدہ عرب امارات کے شہر راس الخیمہ سے فلائٹ کے ذریعہ حیدرآباد پہنچی تھیں۔

 

پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ مذکورہ پرواز میں کچھ افراد غیر قانونی طریقہ سے موبائل فونس اسمگل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جس میں خواتین اہلکار بھی شامل تھیں۔ جب خواتین کو مشکوک رویہ اختیار کرتے دیکھا گیا تو پولیس نے ان پر نظر رکھی۔ وہ عام راستے کے بجائے ایک متبادل راستے سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہی تھیں جس پر فوراً کارروائی کرتے ہوئے انہیں روک لیا گیا اور تفتیش کے لیے ایک علیحدہ کیبن میں لے جایا گیا۔

 

تلاشی لینے پر ان کے سامان سے 10 عدد جدید آئی فونز برآمد ہوئے جن میں آئی فون 16 پرو میکس (گولڈ کلر) شامل تھے۔ ہر خاتون نے اپنے ہینڈ بیگ میں دو دو فونس چھپائے رکھے تھے جبکہ ان کے چیک ان بیاگ میں مزید فونز کے ڈبے برآمد ہوئے۔ ان خواتین سے جب فونس کی خریداری کے دستاویزات طلب کیے گئے تو وہ کوئی ثبوت پیش نہ کر سکیں۔

 

 

پولیس کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ موبائل فونز راس الخیمہ میں کم قیمت پر خریدے گئے تھے اور انہیں ہندوستان میں زیادہ قیمت پر فروخت کر کے حکومت کے ٹیکس نظام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی جا رہی تھی۔پولیس نے تمام برآمد شدہ فونس اور ان کے ڈبوں کو تحویل میں لے لیا ہے اور قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ متعلقہ حکام مزید تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد تک بھی پہنچا جا سکے۔

اسمگلنگ میں ملوث خواتین کی شناخت رضوانہ بیگم (عمر 37 سال، گھریلو خاتون)صبا خانم (عمر 25 سال، بیوٹیشن)عمر بیگم (عمر 60 سال، گھریلو خاتون)ثریہ خانم (عمر 55 سال، گھریلو خاتون)لئیق النساء (عمر 55 سال، گھریلو خاتون) کے طور پر کی گئی ہے۔سائبر آباد پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ اسمگلنگ اور ٹیکس چوری جیسے غیر قانونی کاموں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

 

پولیس نے ہوائی اڈے پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے تاکہ مستقبل میں اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *