
مہارشٹرا کے شہر ناگپور کے علاقے مہال میں پیر کی رات دو گروپوں کے درمیان جھگڑے کے بعد پرتشدد جھڑپیں ہوئیں، جس کے نتیجے میں توڑ پھوڑ اور آتشزدگی کے واقعات پیش آئے۔
کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی، جبکہ پتھراؤ کی اطلاعات سے مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حالات تیزی سے کشیدہ ہوگئے، شرپسند عناصر نے املاک کو نقصان پہنچایا اور گاڑیوں کو نذر آتش کردیا جس سے صورتحال بے قابو ہوگئی۔
جائے وقوعہ سے حاصل کردہ ویڈیوز میں جلتی ہوئی گاڑیاں اور بکھرا ہوا ملبہ دکھائی دیا۔ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پانے میں مصروف ہوگئی، مزید ناخوشگوار واقعات کو روکنے کے لیے اضافی پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا۔