
ممبئی ۔ ممبئی پولیس نے ہولی ہولیکا دہن اور ہولی سے متعلق دیگر پروگراموں کے لیے سخت ایڈوائزری جاری کی ہے جو کہ 12 مارچ سے 18 مارچ 2025 تک نافذ العمل رہے گی۔ یہ ایڈوائزری رمضان المبارک کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر کے تحت جاری کی گئی ہیں۔
ممبئی پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ فحش الفاظ یا نعرے لگانے کی اجازت نہیں ہوگی اور عوام میں فحش گانے چلانے کی بھی ممانعت ہوگی۔ اس کے علاوہ کسی بھی ایسی چیز کی نمائش یا تشہیر جو کسی شخص کی ساکھ، شائستگی یا اخلاقیات کی توہین کرتی ہو اس پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ راہگیروں پر رنگین پانی، رنگ یا پاؤڈر پھینکنے یا اسپرے کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
رنگین یا عام پانی سے بھرے غبارے بنانا یا پھینکنا بھی منع ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ، ہولی اور رنگ پنچمی کے نام پر زبردستی چندہ جمع کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ 14 مارچ، جو پورے ملک میں ہولی کا تہوار منایا جائے گا وہ جمعہ کا دن ہے۔
رمضان المبارک کے دوران جمعہ کی نماز مسلمانوں کے لیے خاص ہے اور لوگ نماز پڑھنے کے لیے گھروں سے نکلیں گے۔ دوسری طرف ہولی کے دن ہندو اپنے گھروں سے نکل کر اپنے محلوں میں اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ ہولی مناتے ہیں۔