ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق بنگلہ دیش کی عدالت نے شیخ حسینہ، ان کی بہن اور بیٹے کے سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔ عدالت نے اس معاملے میں آئندہ بھی سماعت کرنے کی بات کہی ہے۔


شیخ حسینہ / آئی اے این ایس
بنگلہ دیش میں تختہ پلٹ کے بعد شیخ حسینہ کے خلاف پہلی مرتبہ وہاں کی عدالت نے کوئی فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے نیوکلیائی توانائی پلانٹ قائم کرنے کے ایک معاملہ میں بدعنوانی سے متعلق الزام پر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے شیخ حسینہ پر سفر سے متعلق پابندی عائد کر دی ہے۔ اس معاملے میں شیخ حسینہ پر غلط طریقے سے پیسہ کھانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
’ڈھاکہ ٹریبیون‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی عدالت نے شیخ حسینہ، ان کی بہن اور بیٹے کے سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔ عدالت نے اس معاملے میں آئندہ بھی سماعت کرنے کی بات کہی ہے۔ معاملہ بنگلہ دیش کے روپ پور میں نیوکلیائی توانائی پلانٹ سے متعلق ہے جو بہت سرگرمی کے ساتھ قائم کیا گیا تھا۔ الزام ہے کہ اس کے قیام میں شیخ حسینہ نے 59 ہزار کروڑ ٹکا کی ہیرا پھیری کی۔
تختہ پلٹ کے بعد اس معاملے میں یونس حکومت نے جانچ بیٹھا دی۔ 5 رکنی جانچ ٹیم نے جو اپنی رپورٹ پیش کی ہے، اس میں ابتدائی طور پر شیخ حسینہ کے خلاف ثبوت پائے جانے کی بات کہی ہے۔ اس تعلق سے سماعت کے بعد ڈھاکہ میٹرو پولیٹن کے سینئر اسپیشل جج محمد ذاکر حسین غالب نے شیخ حسینہ اور ان کے کچھ رشتہ داروں پر سفر کی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ سنایا۔
عدالتی حکم کے تحت شیخ حسینہ کے بیٹے سجیب واجد جوائے، بیٹی صائمہ واجد پوتول، شیخ ریحانہ کی بیٹیاں ٹیولپ صدیقی اور ازمینا صدیقی اور ان کے بیٹے رضوان مجیب صدیق سفر نہیں کر پائیں گے۔ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت شیخ حسینہ پر قتل عام کا بھی مقدمہ چلانے جا رہی ہے۔ حال ہی میں کارگزار مشیر محمد یونس نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حیسنہ کی مدت کار میں لوگوں کا قتل کیا گیا ہے۔ یونس کے مطابق شیخ حسینہ بنگلہ دیش آئیں یا نہ آئیں، لیکن ہم ان کے خلاف مقدمہ ضرور چلائیں گے۔ یونس کا کہنا ہے کہ قتل عام معاملے میں اگر انھیں بخشا گیا تو بنگلہ دیش کی عوام کے ساتھ زیادتی ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔