
File photo
حیدرآباد۔ جہاں شادی کے مواقع زندگی کے خوشگوار ترین لمحے سمجھے جاتے ہیں وہیں بعض اوقات ایسی غیر متوقع صورتحال پیدا ہوجاتی ہے جو نہ صرف دلہن کے خوابوں کو توڑ دیتی ہے بلکہ پورے خاندان کی خوشیوں کو مایوسی میں بدل دیتی ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ ریاست تلنگانہ کے چریال میں پیش آیا جہاں ایک لڑکی کی شادی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے تھے لیکن شادی سے ایک دن قبل دولہا دوسری لڑکی کے ساتھ فرار ہو گیا۔
چٹیال گاؤں کی ایک لڑکی کی شادی جنگاوں ضلع کے بچنا پٹہ منڈل کے ایک لڑکے سے طے ہوئی تھی۔ اس لڑکی کے خاندان والے گزشتہ کئی دنوں سے چریال کے ایک فنکشن ہال میں شادی کی شاندار تیاری کر رہے تھے کیونکہ 9 مارچ کو شادی مقرر تھی ۔ شادی کے رقعہ بھی تقسیم کئے جا چکے تھے اور خریداری سمیت تمام انتظامات مکمل ہو چکے تھے۔
لیکن اس دوران شادی سے ایک دن پہلے 7 مارچ کو لڑکا بچنا پیٹ منڈل کی ایک دوسری لڑکی کے ساتھ فرار ہو گیا۔ اس خبر کو سن کر لڑکی کے رشتہ دار اور گاؤں کے لوگ چریال پولیس اسٹیشن پہنچے۔ لڑکی کے والدین اس صورتحال سے انتہائی پریشان ہیں کیونکہ شادی کے انتظامات مکمل ہونے کے باوجود لڑکا دوسری لڑکی کے ساتھ فرار ہو گیا۔
دولہے کی اس حرکت کی وجہہ سے دونوں خاندان سکتہ میں آگئے۔