
وجئے واڑہ: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (AIMPLB) کے زیر اہتمام ہفتہ کے روز آندھرا پردیش کے وجئے واڑہ میں وقف ترمیمی بل کے خلاف زبردست دھرنا دیا گیا۔
اس موقع پر AIMPLB کے جنرل سکریٹری مولانا محمد فضل الرحیم مجددی، ڈاکٹر محمد متین الدین قادری (رکن عملہ AIMPLB)، مفتی غیاث الدین رشادی (رکن بورڈ)، اور ایڈووکیٹ محترمہ جلیسہ یاسین (کنوینر وومن ونگ AIMPLB) نے خطاب کیا۔
اس کے علاوہ پروفیسر قدوسہ صاحبہ (حیدرآباد)، مولانا نصیر (کنوینر دھرنا)، سید لقمان، اور سابق ایم ایل اے کرنول عبدالغفور نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے بھی دھرنے میں شریک ہوئے۔
مقررین نے وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کو انتخابی مہم کے دوران مسلمانوں کے تحفظ اور ان کی مدد کے وعدے یاد دلائے۔ مقررین نے کہا کہ آندھرا پردیش کے مسلمانوں نے آپ کو ووٹ دیا، اب آپ کی باری ہے کہ آپ اپنے وعدوں کو پورا کریں اور مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کریں۔
احتجاج میں مقررین نے زور دے کر کہا کہ وقف ترمیمی بل وقف ایکٹ کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے اور اس سے وقف جائیدادوں کے قواعد و ضوابط کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بل نہ صرف آئینی روح کے منافی ہے بلکہ بنیادی حقوق اور آئین کے آرٹیکل 14، 21، 25، 26 اور 29 کی خلاف ورزی بھی کرتا ہے۔ مقررین نے اس بل کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔