اننت ناگ اور کولگام میں آگ کی وارداتیں، سرکاری ا سکول عمارت اور رہائشی مکان خاکستر

سری نگر: جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں آتشزدگی کی دو الگ الگ وارداتوں میں ایک سرکاری اسکول عمارت اور ایک رہائشی مکان خاکستر ہوگیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اننت ناگ کے رانی پورہ کے ملہ پورہ علاقے میں منگل کی رات دیر گئے گورنمنٹ ایس ایس اے پرائمری اسکول کی عمارت میں آگ لگ گئی۔

محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آگ کی وجہ سے عمارت کے اندر گیس سلینڈر پھٹ گئے جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔انھوں نے کہا کہ آگ لگنے کے فوراً بعد فائر ٹنڈرس اور پولیس جائے واردات پر پہنچے اور آگ کو قابو میں کر لیا۔

آگ کی اس واردات میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آتشزدگی کی ایک اور واردات میں بدھ کی علی الصبح کولگام کے بہی باغ علاقے میں ایک رہائشی مکان خاکستر ہوگیا۔

حکام نے بتایا کہ کولگام کے بہی باغ میں بدھ کی صبح پانچ بجے ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

انہوں نے کہا کہ فائر ٹنڈرس نے آگ کو قابو میں کرکے مزید پھیلنے سے روک دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ اس واردات میں مکان خاکستر ہوگیا تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

پولیس نے اس ضمن میں قانونی کارروائیاں شروع کی ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *