مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاسداران انقلاب کی انٹیلی جنس فورسز نے شمالی ایران میں امریکہ، اسرائیل اور دیگر دشمن ممالک سے وابستہ متعدد جاسوسی نیٹ ورکس کو پکڑلیا ہے۔
ایران کے شمالی صوبہ مازندران میں پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے کہا ہے کہ امریکی، اسرائیلی اور دیگر دشمن ممالک کی انٹیلی جنس سروسز غیر ملکی شہریوں اور اکثر سفر کرنے والوں کو بطور آلہ کار استعمال کرتے ہوئے ایران میں دراندازی کی کوشش کررہی تھیں۔
کمانڈر نے کہا کہ ان میں سے کئی ایجنٹ تجارتی کمپنیوں، ثقافتی مراکز اور خیراتی اداروں کے لبادے میں کام کر رہے تھے تاکہ خفیہ معلومات جمع کر سکیں یا ایران کے اندر اثر و رسوخ کے نیٹ ورکس قائم کرسکیں۔
سپاہ پاسداران کے اعلی عہدیدار کے مطابق پاسداران انقلاب کی فورسز نے کامیابی سے ان جاسوس گروہوں کی شناخت کرکے ختم کردیا۔ ان آپریشنز کے نتیجے میں نہ صرف بڑے سیکیورٹی خطرات ختم ہوئے بلکہ ممکنہ بحرانوں سے بھی ملک کو بچایا گیا۔