
رمضان المبارک نزولِ قرآن کا مہینہ ہے۔ رمضان المبارک کو عبادتوں میں گزارتے ہوئے اپنے اوقات کی حفاظت کریں اور فضولیات اور لہو و لعب سے سخت اجتناب کریں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کھمم شہر کی جانب سے منعقدہ جلسۂ استقبالِ رمضان میں حامد محمد خان نے کیا۔
جماعت اسلامی شہر کھمم کی جانب سے دفترِ جماعت اسلامی عزیز گلی، کھمم میں منعقدہ جلسۂ استقبالِ رمضان میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے حامد محمد خان، سابق امیر جماعت اسلامی تلنگانہ و آندھرا پردیش، نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ نزولِ قرآن کا مہینہ ہے۔ قرآن مجید کو اللہ تعالیٰ نے قیامت تک آنے والے انسانوں کے لیے ہدایت کا ذریعہ بنایا ہے۔ رمضان کا مہینہ تقویٰ اور صبر حاصل کرنے کا مہینہ ہے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ رمضان المبارک کو عبادات، بالخصوص تلاوتِ قرآن مجید میں گزارا جائے۔ امتِ مسلمہ پر لازم ہے کہ رمضان کے آغاز سے قبل ایک مضبوط نظامِ عمل مرتب کریں، جس کے ذریعے اوقات کی حفاظت ہو۔ اپنے اوقات کو زیادہ سے زیادہ اللہ کی عبادت میں صرف کریں اور فضولیات و لہو و لعب سے سخت اجتناب کریں۔