عمران پرتاپ گڑھی نے اتر پردیش کانگریس اقلیتی محکمہ کی ریاستی ایگزیکٹو تحلیل کر دی۔ نئی ایگزیکٹو جلد تشکیل دی جائے گی، جس میں نوجوانوں اور خواتین کو جگہ دی جائے گی تاکہ تنظیم کو مضبوط کیا جا سکے


عمران پرتاپ گڑھی / ویڈیو گریب
نئی دہلی: آل انڈیا کانگریس کے اقلیتی محکمہ کے قومی صدر اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی نے اتر پردیش کانگریس اقلیتی محکمہ کی ریاستی ایگزیکٹو کو فوری اثر سے تحلیل کر دیا ہے۔ ان کے اس فیصلے کے بعد ریاست، ضلع اور شہر کی ایگزیکٹو کمیٹیاں تحلیل کر دی گئی ہیں۔ عمران پرتاپ گڑھی نے محکمہ کی اتر پردیش انچارج روبی خان کو ہدایت دی ہے کہ وہ جلد از جلد ایک نئی ایگزیکٹو تشکیل دیں، جس میں سرگرم کارکنوں، خواتین اور نوجوانوں کو زیادہ نمائندگی دی جائے تاکہ ریاست میں اقلیتی محکمہ کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے پیچھے بنیادی مقصد تنظیم میں نئے اور متحرک چہروں کو موقع دینا اور پارٹی کو نچلی سطح تک مستحکم کرنا ہے۔ اقلیتی محکمہ کی سابقہ ریاستی ایگزیکٹو کے بعض عہدیداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے، جس کے پیش نظر تنظیم میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ عمران پرتاپ گڑھی کانگریس اقلیتی محکمہ کے قومی صدر کے طور پر سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں اقلیتی محکمہ نے ملک بھر میں نمایاں پیش رفت کی ہے اور پارٹی کے اقلیتی ونگ کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ان کے اقدامات کو پارٹی قیادت کی مکمل حمایت حاصل ہے، اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ جلد ہی اتر پردیش میں ایک نئی اور فعال ایگزیکٹو تشکیل دی جائے گی جو تنظیم کو ریاست میں مزید مضبوط کرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔