![](https://urduleaks.com/wp-content/uploads/2025/02/20250213_164524-753x470.jpg)
لکھنؤ میں شادی کی تقریب میں چیتے کی انوکھی انٹری، خوف و ہراس پھیل گیا
نئی دہلی ۔ خوشیوں سے بھری ایک شادی کی تقریب میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا اور افراتفری مچ گئی جب چہارشنبہ کی رات ایک بن بلایا مہمان تیندوا دعوت میں پہنچ گیا۔ یہ حیران کن واقعہ ریاست اترپردیش لکھنؤ کے ایم ایم لان، بدھیشور رنگ روڈ پر رات تقریباً 11:40 بجے پیش آیا۔ تیندوے کے حملے میں محکمہ جنگلات کے ایک افیسر اور دو کیمرہ مین زخمی ہوگئے جبکہ سینکڑوں مہمان جان بچانے کے لیے ادھر اُدھر بھاگنے لگے۔
ویسٹ زون ڈی سی پی ویشوجیت سریواستو نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ شادی دیپک کمار نامی شخص کی بہن کی تھی۔ جیسے ہی پولیس کو یو پی 112 کے ذریعہ اطلاع ملی، فوراً ایک ٹیم کو موقع پر بھیج دیا گیا اور محکمہ جنگلات کو مطلع کیا گیا۔ دوسری ٹیم نے مہمانوں کو بحفاظت باہر نکالا جبکہ محکمہ جنگلات نے تیندوے کو قابو میں کرنے کے لیے آپریشن شروع کر دیا۔
ڈی سی پی سریواستو نے کہا “یہ ایک خوشیوں بھری رات تھی۔ مہمان کھانے میں مصروف تھے، فوٹوگرافر یادگار لمحات کو قید کر رہے تھے اور میزبان تقریب کو کامیاب بنانے میں لگے ہوئے تھے۔ لیکن یہ خوشی کا لمحہ خوف میں بدل گیا جب ایک تیندوا اچانک عقبی طرف سے خیمہ کے پیچھے سے نمودار ہوا۔”
پہلے تو کچھ مہمانوں نے اسے مذاق یا آوارہ کتا سمجھا لیکن جب تیندوے نے مہمانوں کی طرف بڑھنا شروع کیا تو دہشت پھیل گئی۔ مہمان اپنی جان بچانے کے لیے دروازوں کی طرف بھاگنے لگے اور بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ اس دوران دو کیمرہ مین گر پڑے اور زخمی ہوگئے جبکہ تیندوا ہنگامہ سے گھبرا کر فنکشن ہال کی چھت پر چڑھ گیا۔
ڈی ایف او لکھنؤ سیتانشو پانڈے کے مطابق جیسے ہی انہیں اطلاع ملی محکمہ جنگلات کی ٹیم فوراً موقع پر پہنچی۔ عہدیداروں نے احتیاط سے فنکشن ہال میں داخل ہو کر تیندوے کو تلاش کرنا شروع کیا۔ جب وہ دوسری منزل پر پہنچے تو انہیں تیندوا ٹوٹے ہوئے فرنیچر کے پیچھے چھپا ہوا نظر آیا۔
جیسے ہی فارسٹ گارڈ مقدر علی تیندوے کے قریب پہنچے وہ اچانک ان پر جھپٹ پڑا اور ان کا دایاں ہاتھ زخمی کر دیا۔ باوجود زخم کے مقدر علی پیچھے ہٹنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ ان کے ساتھیوں نے موقع پر قابو پاتے ہوئے ٹرینکولائزر گن (بے ہوش کرنے والی گن) سے فائر کیا۔
اس واقعے کے بعد پولیس اور محکمہ جنگلات نے قریبی افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ رات کے وقت اکیلے باہر نکلنے سے گریز کریں، اپنے دروازے اور چھتوں کو اچھی طرح بند رکھیں اور کسی بھی غیر معمولی حرکت کی اطلاع فوری طور پر پولیس یا محکمہ جنگلات کو دیں۔