[]
ریاض: سعودی عرب نے ویژن 2030 کے اہداف کی تکمیل سے جڑے ایک اور عظیم الشان منصوبے کا اعلان کردیا، اس منصوبے کے تحت لاکھوں افراد بسائے جائیں گے۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیت نیشنل ریئل سٹیٹ ڈیولپر گروپ (روشن) نے شمالی جدہ میں ’مرافی‘ پروجیکٹ کا اعلان کیا ہے جہاں ایک لاکھ 30 ہزار افراد کو بسایا جائے گا۔
مرافی پروجیکٹ کثیر المقاصد عظیم الشان منصوبہ ہے، اس منصوبے میں ابحر کریک سے منسلک گیارہ کلو میٹر طویل اور سو میٹر چوڑی مصنوعی نہر بھی بنائی جائے گی۔
اس نہر کو گھروں اور محلوں کے درمیان سے گزارا جائے گا، تجارتی و تفریحی مراکز اور آرام و راحت کے عصری وسائل نئے طرز زندگی کی عکاسی کریں گے۔
روشن گروپ کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈیوڈ گروور نے کہا ہے کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم مرافی پروجیکٹ کا آغاز کررہے ہیں، اس پروجیکٹ سے شمالی جدہ کو نئی شکل مل جائے گی اور جدہ بین الاقوامی شہروں کی صف میں کھڑا ہوجائے گا۔
خوشحال معیشت کے حوالے سے یہ پروجیکٹ سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کا سبب بنے گا۔ مرافی پروجیکٹ میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور قدرتی وسائل کا بھرپور طریقے سے استعمال ہوگا۔
اس پروجیکٹ میں بنائی جانے والی مصنوعی نہر ایک طرح سے سی فرنٹ کی طرح نظر آئے گی، جو ہیمبرگ، شکاگو، سٹاکہوم اور لندن سٹی سینٹر کی طرز پر بنائی جائے گی، جس سے جدہ کی خوبصورتی کو چار چاند لگ جائیں گے۔