مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی پاکستان کے دورے پر ہیں جہاں وہ اعلی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
ایڈمرل شہرام ایرانی ہفتے کی صبح جنوبی پاکستانی بندرگاہی شہر کراچی پہنچے۔ یہ دورہ پاکستانی بحریہ کے سربراہ کی باضابطہ دعوت پر ہو رہا ہے۔ ایڈمرل شہرام ایرانی امن-25 بحری مشق اور امن ڈائیلاگ میں شرکت کریں گے۔
ایران اور پاکستان کے بحری تعاون کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے شہرام ایرانی نے زور دیا کہ اس بین الاقوامی مشق میں ایران کی اعلی سطحی شرکت تہران اور اسلام آباد کے اسٹریٹجک تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ دونوں ملکوں کو بحری شعبے میں تعاون مزید بڑھانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی شرکت کا بنیادی مقصد سمندری آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور مستقبل میں دوطرفہ بحری مشقوں کی راہ ہموار کرنا ہے۔
ایرانی بحریہ کی یونٹس اور اسپیشل آپریشن ٹیم کی اس مشق میں شرکت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران اور پاکستان کے درمیان مشترکہ بحری تعاون مستقبل میں مزید دوطرفہ مشقوں کی بنیاد رکھے گا۔
انہوں نے پاکستان میں ایرانی سفارت خانے اور فوجی اتاشی کے دفتر کی بحری تعاون کے فروغ میں کوششوں کو بھی سراہا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ایران مستقبل میں ہونے والی مشقوں میں پاکستانی بحریہ کو شرکت کی دعوت دے گا۔
ایرانی بحریہ ان کثیر الملکی مشقوں کے نویں ایڈیشن میں شرکت کررہی ہے جو جمعہ کو کراچی میں شروع ہوئیں۔
پاکستانی بحریہ ان مشقوں کی میزبانی کر رہی ہے، جن میں 60 سے زائد ممالک کی بحری افواج، ان کے بحری جہاز، طیارے، اسپیشل آپریشن فورسز، بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے والی ٹیمیں اور مبصرین شامل ہیں۔ اس مشق کا مقصد سمندری سلامتی کو فروغ دینا اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کو مضبوط بنانا ہے تاکہ علاقائی اور عالمی چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔