امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم ہندوستانیوں کی ہتھکڑیوں کے ساتھ ہندوستان واپسی، کانگریس نے شدید اظہارِ حیرت کیا
نئی دہلی: امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم ہندوستانی شہریوں کو ملک سے نکالنے کا عہد کیا ہے۔ اس ضمن میں امریکی فوجی طیارہ “سی-17” کے ذریعے 104 ہندوستانی تارکین وطن کو واپس ہندوستان بھیج دیا گیا ہے۔ حالانکہ ابتدائی اطلاعات میں 205 افراد کو واپس بھیجنے کا ذکر کیا گیا تھا تاہم اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ 105 ہندوستانیوں کو واپس روانہ کیا گیا ہے۔
یہ غیر قانونی تارکین وطن ہندوستان پہنچ چکے ہیں لیکن انہیں جس طریقے سے ملک واپس بھیجا گیا اس پر کانگریس نے شدید حیرت کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر کئی تصویریں اور ویڈیوس سامنے آئے ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ “سی-17” طیارے میں سوار ہندوستانی باشندوں کے ہاتھوں اور پیروں میں ہتھکڑیاں لگی ہوئی ہیں۔ ان مناظر کو دیکھ کر کانگریس کے لیڈر پون کھیڑا نے افسوس کا اظہار کیا
اور کہا کہ ’’امریکہ سے جلاوطن کیے جانے کے دوران ہندوستانیوں کو ہتھکڑی لگائے جانے اور ذلیل کیے جانے کی تصاویر دیکھ کر ایک ہندوستانی کے طور پر مجھے شدید افسوس ہوتا ہے۔‘‘پون کھیڑا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر ایک پوسٹ میں لکھا “مجھے یاد ہے کہ دسمبر 2013 میں امریکہ میں ایک ہندوستانی سفارت کار دیویانی کھوبراگڑے کو ہتھکڑی لگائی گئی تھی اور کپڑے اُتار کر تلاشی لی گئی تھی۔
اس پر خارجہ سکریٹری سجاتا سنگھ نے امریکی سفیر نینسی پاویل کے سامنے سخت احتجاج درج کروایا تھا۔ اُس وقت یو پی اے حکومت نے اس معاملے پر سخت رد عمل ظاہر کیا تھا۔”انہوں نے مزید کہا کہ “میرا کمار، سشیل کمار شندے اور راہل گاندھی جیسے قائدین نے اس وقت ہندوستان آئے امریکی کانگریس کے وفد (جارج ہولڈنگ، ڈیوڈ شویکرٹ، راب ووڈل اور میڈلین بورڈالو) سے ملنے سے انکار کر دیا تھا۔”
کانگریس کی جانب سے اس واقعہ پر شدید رد عمل آیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس معاملہ میں امریکہ کے ساتھ سخت احتجاج کیا جائے تاکہ آئندہ ایسی ذلت آمیز صورتحال سے محفوظ رہا جا سکے۔